پرتھ: (روزنامہ دنیا) آسٹریلیا میں پرندوں کی مدھر چہچہاہٹ پر مبنی البم نے ٹاپ 50 آڈیو البم کی فہرست میں تیسری جگہ بنا لی ہے اور یوں مقبولیت میں ٹیلر سوئفٹ کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق مجموعی طور پر 53 پرندوں کی آوازیں اس میں شامل ہیں اور دیگر معلومات جمع کر کے باقاعدہ ایک البم کی شکل دی گئی ہے۔ یہ البم موسیقار اور چارلس ڈارون یونیورسٹی میں پی ایچ ڈی طالبعلم انتھونی ایلبریخت نے ترتیب دی ہے جس میں آسٹریلیا کے ان نایاب ترین پرندوں کی چہچہاہٹ شامل ہے جو ناپید ہونے کے قریب پہنچ چکے ہیں۔
البم کی ساری آمدنی برڈ لائف آسٹریلیا نامی تنظیم کو دی جائے گی جو ان پرندوں کو بچانے کی سرتوڑ کوشش کر رہی ہے، ماہرین نے پرندوں کی خوبصورت آوازوں کے البم کو پرندوں کا آرکسٹرا قرار دیا ہے۔