لندن: (روزنامہ دنیا) برطانیہ میں ایک بزرگ شخص چلنے پر قدرت کے باوجود اپنے گھر میں شیر خوار بچوں کی طرح ہاتھ پیر پر چلتا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق سٹیفورڈ شائر کے 63 سالہ ایلن بینٹلے ایک عجیب کیفیت اولمسٹیڈ سنڈروم کے شکار ہیں جس میں پاوں کے تلووں میں زرد رنگت کی کھال نما پپڑیاں جمتی ہیں جو جلن نہیں بلکہ آگ کا تاثر پیش کرتی ہیں۔ یہاں تک کہ مریض کیلئے قدم زمین پر رکھنا بھی محال ہو جاتا ہے۔ اب یہ حال ہے کہ ایلن اپنے گھر میں چاروں ہاتھ پیر وں پر چلتے ہیں۔ یہ کیفیت اس وقت سامنے آئی جب وہ بچے تھے۔ ان کی کیفیت کی تشخیص دس برس قبل ہوئی تھی۔
اپنی جوانی میں انہوں نے کئی بار خودکشی کا سوچا تاہم وہ جینے کی آس میں سب کچھ سہتے رہے۔ ایلن کہتے ہیں کہ اس کا درد ناقابل بیان ہے لیکن اب وہ ایک دوا کھا رہے ہیں جس سے انہیں افاقہ ہے اور کچھ دیر چل پھر سکتے ہیں۔