نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارت سے ایک انوکھی خبر نے سب کو حیران کر ڈالا ہے جہاں پر ایک دلہن نے سٹیج پر کھڑے ہو کر دلہے کو اس لیے مسترد کر دیا کیونکہ وہ پڑھا لکھا نہیں تھا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق دلہے کے ساتھ پیش آنے والے انوکھے واقعے نے ویڈیو دیکھنے والوں کو حیرت زدہ کردیا کچھ لوگ اسے لڑکیوں کی آزادی سے تشبیہ دے رہے ہیں تو کچھ افراد کے بقول یہ بات بارات لانے سے پہلے کی جانی چاہیے تھی۔ انسٹاگرام پر پیج اس ویڈیو کو "برائیڈل لہنگا ڈیزائن” نے اپ لوڈ کیا ہے۔
ویڈیو میں دلہا اور دلہن کو سٹیج پر کھڑے دکھایا گیا ہے، پھولوں کی مالا پہنانے کی رسم کے دوران جب دولہا اپنی دلہن کے گلے میں مالا ڈالتا ہے، تو جواب میں دلہن اپنے ہاتھ میں موجود مالا کو غصے سے زمین پر پٹخ دیتی ہے۔اس کے بعد دلہن سٹیج سے اعلان کرتی ہے کہ وہ دولہا سے شادی نہیں کرے گی کیونکہ وہ پڑھی لکھی ہے۔ وہاں موجود کسی شخص نے اس سے استفسار کیا کہ انکار کی اصل وجہ کیا ہے؟ جس پر دلہن کا کہنا تھا کہ میں ایک تعلیم یافتہ لڑکی ہوں۔ میں بی ایڈ کر رہی ہوں جبکہ دولہا بالکل ناخواندہ ہے۔ تم مجھے بتاؤ؟ کیا میں اس کے ساتھ خوش رہ سکتی ہوں؟ میں اس سے شادی نہیں کرسکتی۔
ایک شخص پھر دلہن سے پوچھا کہ تم نے اس سے پہلے شادی کرنے سے انکار کیوں نہیں کیا؟ جس پر دلہن کا جواب تھا کہ میرا باپ مجھے پیسوں کی خاطر اس شخص سے شادی کرنے پر مجبور کر رہا تھا۔اس کے بعد لوگ دلہن سے مزید سوالات کرتے ہیں لیکن وہ دہراتی ہے کہ وہ ایک ایسا شوہر چاہتی ہے جو تعلیم میں اس کے برابر ہو اور اس سے انگریزی میں بات کرسکے۔