کھلے سمندر سے ماہی گیروں کے جال میں 20 فٹ لمبی شارک مچھلی پھنس گئی

Published On 28 April,2022 07:50 pm

کراچی(صالحہ فیروز خان) کھلے سمندر سے ابراہیم حیدری کے ماہی گیروں کے جال میں 20 فٹ لمبی شارک مچھلی پھنس گئی۔

ترجمان کوسٹل ابراہیم حیدری کمال شاہ نے کہا ہے کہ شارک مچھلی ابراہیم حیدری کے جیٹی سے فش فیکٹری کے بیوپاریوں نے خرید لی، مچھلی زخمی حالت میں تھی اور ابراہیم حیدری کے سمندر میں اوپری سطح پرآگئی تھی، اسی لیے جال کے ذریعے با آسانی نکال لی گئی ہے جسکے بعد نایاب شارک مردہ حالت میں آگئی تھی۔

ترجمان کوسٹل کا مزید کہنا تھا کہ اکثر بڑے بحری جہازوں کے پنکھے سے شارک زخمی ہوتی ہے اور اگر شارک بیماری کی حالت میں ہو تو ہی پکڑ میں آتی ہے ورنہ زندہ شارک سے ماہی گیر دور رہتے ہیں کیونکہ شارک کے قریب جانا خطرے سے خالی نہیں ہوتا، صحت مند طاقت سے بھر پور شارک اگر جال میں پھنس بھی جائے تو پورا جال سمندر میں کھینچ لیتی ہے۔

رواں سال یہ دوسری 20 فٹ شارک ہے، اس سے قبل رواں سال مارچ میں 20 فٹ لمبی وہیل شارک زخمی حالت میں پکڑی گئی تھی۔
 

Advertisement