کراچی دھماکے کی تحقیقات میں اہم پیشرفت، خودکش بمبار کے والد کی رہائشگاہ پر چھاپہ

Published On 28 April,2022 09:48 am

کراچی: (دنیا نیوز) جامعہ کراچی میں خودکش حملے کی تفتیش میں اہم پیشرفت کرلی گئی۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے خود کش بم بار کے والد کےگھر کا بھی سراغ لگا لیا۔ گلستان جوہر کے بعد کراچی کی اسکیم 33 میں قائم گھر بھی سیل کر دیا گیا ہے۔

تفتیشی اداروں نے بم بار خاتون کے ٹھکانوں کا پتا لگا لیا۔ کارروائی اسکیم 33 سچل گوٹھ میں قائم رہائشی سوسائٹی میں کی گئی۔ ذرائع کے مطابق خود کش بم بار شاری بلوچ کے والد کا گھر سیل کر دیا گیا، جہاں ڈیڑھ ماہ قبل شاری بلوچ کی بہن اسما کی شادی بھی ہوئی، تعلیم یافتہ خود کش بم بار کی بہن بھی پی ایچ ڈی ڈاکٹر ہے۔

تفتیشی اداروں نے رہائشی مکان میں آنے والی سرکاری گاڑی کی تفصیلات بھی جمع کرنا شروع کر دی۔ اس سے قبل گلستان جوہر بلاک 13 میں واقعے رہائشی فلیٹ پر بھی چھاپہ مارا گیا۔ تیسری منزل کا رہائشی فلیٹ 3 سال تک بم بار خاتون کے استعمال میں رہا۔ تفتیشی اداروں نے فلیٹ کے مالک کے حوالے سے چھان بین شروع کر دی۔

تفتیشی ذرائع کے مطابق دونوں مقامات سے اہم دستاویزات اور مختلف اشیاء تحویل میں لے لی گئی ہیں، برآمد سامان سے تفتیش میں اہم پیشرفت متوقع ہے۔
 

Advertisement