لاہور: (ویب ڈیسک) ویسے تو ہر پھول قدرت کا ایک عظیم شاہکار ہے لیکن اس خوبصورت نظام کائنات میں ایک پھول ایسا بھی ہے جو ویسے تو کیکٹس کے خاندان سے تعلق رکھتا ہے لیکن اپنی بے پناہ خوبصورتی کی وجہ سے بے حد پسند کیا جاتا ہے۔
اس نایاب پھول کی خاصیت یہ ہے کہ یہ سال میں ایک مرتبہ صرف رات کو کھلتا ہے اور اپنی خوشبو سے ماحول معطر کر دیتا ہے، یہ پھول سال میں ایک مرتبہ صرف رات کو ہی کِھلتا ہے، اسی وجہ سے اسے ملکہ شب (کوئن آف دی نائٹ) کے خطاب سے نوازا گیا ہے۔
ملکہ شب کا حیاتیاتی نام ایپی فائلم آکسی پیٹالم ہے جس سے بڑے سفید پھول برآمد ہوتے ہیں۔ پھول کی پتیاں موم جیسی لگتی ہیں، رات کو صرف چند گھنٹوں کیلئے ہی کھلنے والا پھول سورج طلوع ہوتے ہی پھر سے بند ہو جاتا ہے، دنیا بھر سے باغبانی کے شائق اس انمول منظر کو دیکھنے کیلئے بے تاب رہتے ہیں۔
کوئین آف دی نائٹ وسطی امریکہ اور میکسیکو کے جنگلوں میں پایا جاتا ہے، یہ پھول موسم گرما یا بہار کی کسی بھی رات کو اپنا نظارہ کراتا ہے اور اس کو کھلتا ہوا دیکھنے والے لوگ خود کو خوش نصیب تصور کرتے ہیں۔
پھول کھلتے وقت قدرے سفید ہوجاتا ہے، اس منظر کو دیکھنے اور خوشبو سونگھنے والے افراد نے اسے دنیا کا سب سے مہکتا ہوا پھول قرار دیا۔
ملکہ شب کی ایک اور قسم آرکڈ کیکٹس بھی پائی جاتی ہے جو ہر روز رات کے وقت کھلتا ہے کیونکہ چمگادڑیں اس سے زرد دانے لے کر دوسرے پودے تک پولی نیشن کا عمل انجام دیتی ہیں. تاہم ملکہ شب سال میں ایک وقت ہی کھلتا ہے۔