شمالی آئرلینڈ: (ویب ڈیسک) ماڈل سے متاثر ہو کر اپنی آنکھوں کے سفید حصے پر رنگ کروانے والی خاتون اندھے پن کے قریب جا پہنچی۔
شمالی آئرلینڈ کی انایا پیٹرسن نامی 32 سالہ خاتون نے ایک ماڈل سے متاثر ہو کر اپنی ایک آنکھ کو آسمانی اور دوسری کو گلابی رنگ میں رنگوایا اور اس کے 3 ہفتے بعد آنکھوں میں سوجن اور بینائی متاثر ہونے لگی۔ خاتون مکمل طور پر اندھے پن کا شکار ہونے کے قریب جا پہنچی ہے کیونکہ اب اسے چند فٹ کے فاصلے سے بھی چہرے کے خدوخال نظر نہیں آتے۔
انایا پیٹرسن نے اہلِ خانہ کی تنبیہ کے باوجود آنکھوں کو رنگوایا جس پر انہیں افسوس ہے۔ اس حوالے سے خاتون کا کہنا ہے کہ میری بیٹی نے مجھے کئی مرتبہ ایسا کرنے سے منع کیا کہ اس سے آنکھوں کو نقصان ہو سکتا ہے اور آپ اندھی بھی ہو سکتی ہیں۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ کاش وہ اپنی بیٹی کی بات مان لیتیں۔
خاتون نے جولائی 2020ء میں پہلے دائیں آنکھ کو نیلا کروایا تو سر درد اور آنکھ میں خشکی محسوس ہوئی پھر اسی سال دسمبر میں بائیں آنکھ کو گلابی رنگ سے رنگوا لیا، اس کے بعد اگست 2021ء میں ان کی آنکھوں میں غیر معمولی سوجن پیدا ہوئی پھر آہستہ آہستہ آنکھ میں موتیا اتر آیا۔ انایا کی بصارت اب تیزی سے کم ہو رہی ہے۔