لاہور: (ویب ڈیسک) جاپان میں پولیس کو 9 روز کے دوران دو ہزار 60 بار فون کالز کرنے پر معمر شخص کو گرفتار کر لیا گیا۔
جاپان کے علاقے سیٹما پریفیکچر کے مذکورہ بالا شخص جس کی عمر 67 سال بتائی جاتی ہے، نے اس سال 30 ستمبر سے 8 اکتوبر کے دوران پریفیکچورل پولیس ہیڈکوارٹرز کو مجموعی طور پر 2060 بار کالز کیں تاکہ ان پر اپنے غصے کا اظہار کر سکے اور ان سے کہا جائے کہ تم سب ملازمت سے برطرف کئے جانے کے قابل ہو۔
9 دنوں کے دوران اگر ان کالز کے اعداد و شمار جمع کئے جائیں تو یہ ہر 6 منٹ میں اوسطاً ایک کال بنتے ہیں اور ان کا کل ٹاک ٹائم لگ بھگ 27 گھنٹے بنتے ہیں۔
بالآخر پولیس نے تنگ آکر اس شخص کے گھر چھاپہ مار کر اسے پولیس کے کاموں میں رکاوٹ ڈالنے کے الزام میں گرفتار کرلیا، اس کا نام ظاہر نہیں کیا گیا لیکن اس نے ان الزامات کو تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ میں جانتا تھا کہ پولیس چند روز میں میرے پاس آئے گی۔
دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ وہ تحقیقات میں تعاون نہیں کرنا چاہتا لیکن یہ معلوم نہیں ہوا کہ اس نے کس وجہ سے اتنے مختصر عرصے میں اتنے زیادہ کالز کئے۔