بارسلونا: (ویب ڈیسک ) یورپی ملک اسپین میں تارکین وطن کے ایک گروپ نے خاتون کی زچگی کا حوالہ دے کر طیارے کی ہنگامی لینڈنگ کروا دی اور طیارے سے اتر کر فرار ہو گئے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ہسپانوی مراکش سے ترکی جانے والے ایک کمرشل طیارے نے بدھ کے روز علی الصبح بارسلونا کے ایل پراٹ ہوائی اڈے پر ہنگامی لینڈنگ کی، طیارے سے طبی ایمرجنسی کی اطلاع دی گئی تھی، تاہم جہاز اترنے کے بعد 28 مسافر نکل کر بھاگ گئے۔
ہسپانوی حکومت نے بتایا کہ پولیس نے واقعے کے بعد کارروائی کرتے ہوئے 14 افراد کو گرفتارکرلیا جن میں ایک حاملہ خاتون بھی شامل تھی، جس کے بارے میں حکام نے بتایا کہ اس نے زچگی کے درد اٹھنے کی اداکاری کی تھی، جب اسے اسپتال لے جایا گیا تو اسے تندرست پایا گیا۔
حکام کے مطابق دیگر افراد کا تاحال پتہ نہیں چل سکا،حراست میں لئے گئے افراد میں سے 5 کو فوری طور پرپیگاسس ایئر لائن طیارے میں واپس ترکی واپس بھیجا گیا۔