نئی دہلی : (ویب ڈیسک ) لڈو کے کھیل پر شرط کی عادی ایک خاتون نے اپنی ساری رقم ختم ہونے پر خود کو داؤ پر لگا دیا۔
بھارتی ریاست اترا پردیش کے پرتاپ گڑھ میں ایک خاتون کے لیے لڈو کھیلنے کی لت اس وقت تلخ ہو گئی جب اس نے خود کو داؤ پر لگا دیا کیونکہ اس کے پاس شرط لگانے کے لیے پیسے نہیں تھے اور وہ اپنے مالک مکان سے ہار گئی۔
رینو نامی خاتون کا خاوند راجسھتان میں ملازمت کر کے جو پیسے بھیجتا تھا لڈو کی عادی خاتون ان پیسوں پر جوا لگا کر اپنے مالک مکان کے ساتھ مستقل بنیادوں پر جوا کھیلتی تھی۔
ایسے ہی ایک دن جب وہ دونوں شرط لگا کر لڈو کھیل رہے تھے تو پیسے ختم ہونے پر خاتون نے خود کو دائو پر لگا دیا، جس کے بعد خاتون کو اپنا شوہر چھوڑ کر مالک مکان کے پاس جانا پڑ گیا۔
خاتون کے شوہر نے پرتاپ گڑھ پولیس میں شکایت درج کرائی، جس میں اس نے دعویٰ کیا کہ وہ دیوکالی میں کرائے کے مکان میں رہتا تھا، چھ مہینے پہلے، وہ کام کرنے کے لیے جے پور گیا اور اپنی بیوی کو پیسے بھیجتا رہا، جسے وہ جوئے کے لیے استعمال کرتی تھی، پیسے ختم ہونے کے بعد، اس نے لڈو پر شرط لگائی اور خود ہار گئی۔
شوہر کے مطابق خاتون نے اب مالک مکان کے ساتھ رہنا شروع کر دیا ہے، "میں نے اسے چھوڑنے کی کوشش کی لیکن وہ ایسا کرنے کو تیار نہیں ہے۔"
میڈیا رپورٹس کے مطابق خاتون اور اسکے شوہر نے اس واقعے کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر بھی پوسٹ کیا جو اب وائرل ہو رہا ہے، جوڑے کے دو بچے بھی ہیں۔