برازیلیا : (ویب ڈیسک ) ڈاکٹروں کی جانب سے مردہ قراردیا جانے والا برازیلی شہری اپنے جنازے سے قبل زندہ ہوگیا۔
منہ کے کینسر میں مبتلاء 62 سالہ جوز ریبرو ڈا سیلوا نامی آدمی علاج کی غرض سے ہسپتال میں داخل تھا جہاں ڈاکٹروں نے غلطی سے اسے مردہ قرار دے دیا۔
ڈاکٹرز کی رپورٹس کے بعد جوز ریبرو کی ’لاش‘باڈی بیگ میں ڈال کررکھ دی گئی اوروہ 5 گھنٹے تک باڈی بیگ کے اندر ہسپتال میں پڑا رہا۔
،رپورٹ کے مطابق لاش کو 100کلومیٹر دور ایک فیونرل ہوم بھجوایا گیا جہاں اس کی تدفین کی تیاری کی جاری تھی مگر فیونرل ہوم کے ایک ملازم کو محسوس ہوا جیسے باڈی بیگ میں موجود شخص زندہ ہے اور ڈیڈ باڈی سانس لے رہی ہے۔
مزدور کی جانب سے فیونرل ہوم کے دیگر سٹاف کو جب بتایا گیا تو انہوں نے بغور مشاہدہ کیا جس میں یہ تصدیق ہوئی کہ جوز ربیرو واقعی سانس لے رہا تھا، جس کے بعد اسے فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا۔
ربیرو کی بہن کا کہنا تھا کہ ”مجھے فیونرل ہوم کے ورکر نے فون پر بتایا کہ میرا بھائی زندہ ہے اور ہسپتال میں زیر علاج ہے، مجھے یہ بات سن کر اپنے کانوں پر یقین نہیں آرہا تھا اور میں جلد از جلد ہسپتال پہنچی جہاں میں نے اپنے بھائی کو واقع ہی زندہ پایا۔“