کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) انٹرنیٹ کے مختلف پلیٹ فارمز پر عالمی شہرت رکھنے والے زیک کنگ کی ایک ٹک ٹاک ویڈیو اتنی مشہور ہوئی ہے کہ اب تک 2 کروڑ 20 لاکھ افراد اسےدیکھ چکے ہیں، اب گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ نے اس کی تصدیق بھی کی ہے۔
زیک کنگ کی ویڈیو میں وہ ہوائی جہاز غائب کرتے، کمرے کی چھت پر الٹے چلتے ہوئے اور اشیا کی اشکال بدلتے دکھائی دیتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ انکی ویڈیو کو کروڑوں افراد دیکھ چکے ہیں اور فالوورز کی تعداد بھی دسیوں لاکھوں تک پہنچ چکی ہے۔
ہیری پوٹر کے کرداروں کا لباس پہنے ان کی ایک ویڈیو دنیا بھر میں مقبول ہوئی ہے، اس ویڈیو میں وہ جھاڑو پر بیٹھے ہیں اور میدان میں چکر کاٹ رہے ہیں، انہوں نے ایک آپٹیکل الیوژن استعمال کرتے ہوئے ویڈیو ایڈیٹنگ اختیار کی ہے اور یوں لگتا ہے کہ واقعی وہ جھاڑو پر بیٹھ کر اڑ رہے ہیں۔
مالی مشکلات کا شکار زیک اب ارب پتی ہوچکے ہیں اور کیلیفورنیا کے ایک مہنگے ترین علاقے اگورا ہلز میں رہائش پذیر ہیں، انہوں نے دسمبر 2019 میں اڑنے والی جھاڑو کی ویڈیو پوسٹ کی تھی جسے اب تک سوا دو ارب افراد دیکھ چکے ہیں۔ گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ نے حال ہی میں اسے ٹک ٹاک پر سب سے زیادہ دیکھی جانے والی ویڈیو بھی قرار دیا ہے۔
ویڈیو کے متعلق زیک کنگ نے بتایا کہ ہیلووین کے لئے ایک دوپہر کو یہ ویڈیو بنائی گئی تھی۔ اس میں آئینے استعمال کئے گئے تھے تاکہ وہ سامنے کا عکس دکھا سکیں، پھر کچھ ایڈیٹنگ کرکے اسے حقیقت کےقریب دکھایا گیا تھا۔