پٹنہ: (ویب ڈیسک) بھارتی ریاست بہار کی 22 سالہ طالبہ نے ہسپتال میں ایک صحت مند بیٹے کو جنم دینے کے بعد دسویں جماعت کا امتحان دینے ایمبولینس میں سینٹر پہنچ گئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست بہار کے ضلع بانکا کے گورنمنٹ سکول میں دسویں جماعت میں پڑھنے والی 22 سالہ طالبہ رُکمنی کماری حاملہ ہونے کے باوجود سالانہ امتحانات کے پرچے دے رہی تھی۔
ریاضی کے پرچے کے دوران حمل کا درد شروع ہوگیا تاہم طالبہ نے پرچہ پورا کیا اور گھر جاکر اہل خانہ کے ساتھ ہسپتال میں داخل ہوگئی اور بیٹے کو جنم دیا، بچے کو جنم دینے کے 3 گھنٹے بعد ہی طالبہ نے ڈاکٹرز سے امتحان دینے کے لیے جانے کی اجازت مانگی۔
ڈاکٹرز اور اہل خانہ نے انکار کردیا تاہم رُکمنی کماری بضد رہی جس پر اہل خانہ اور ڈاکٹرز نے ایمبولینس اور دو نرسیں ساتھ لے جانے کی شرکت پر اجازت دیدی، اس طرح طالبہ ایمبولینس اور طبی عملے کے ساتھ امتحان گاہ پہنچ گئی۔