نیویارک: (ویب ڈیسک) امریکا میں نوبیاہتا جوڑا اپنے ہی ریسیپشن کے دن 2 گھنٹے تک لفٹ میں پھنسا رہا جس کے بعد دلہا دلہن ریسیپشن کی تقریب میں شریک نہ ہوسکے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق شمالی کیلیفورنیا سے تعلق رکھنے والا نو بیاہتا جوڑا وکٹوریہ اور پانو اپنے ہی ریسیپشن کے موقع پر لفٹ میں پھنس گئے۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا کہ جوڑے نے ہوٹل کی 16 ویں منزل پر شادی کے ریسیپشن کی تقریب رکھی تھی لیکن منزل تک پہنچنے کیلئے جیسے ہی دلہا دلہن لفٹ میں داخل ہوئے، لفٹ گراؤنڈ فلور اور فرسٹ فلور کے درمیان پھنس گئی، لفٹ میں جوڑے کے ساتھ ان کے 4 رشتہ دار بھی موجود تھے۔
رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ اطلاع دینے کے بعد ریسکیو ٹیم نے کوششیں کی تاہم انہیں ناکامی کا سامنا رہا، بعد ازاں فائر فائٹر ٹیم کو مدد کیلئے طلب کیا گیا جنہوں نے بتایا کہ لفٹ بری طرح پھنس گئی ہے۔
2 گھنٹے کی محنت کے بعد لفٹ کی چھت کھول کر نوبیاہتا جوڑے سمیت 6 لوگوں کو رسی کی مدد سے چوتھے فلور سے کھینچ کر ریسکیو کیا گیا تاہم دلہا دلہن کا اہم دن اس واقعے کے باعث کھٹائی میں پڑگیا۔