چڑیا گھر انتظامیہ نے سیاحوں کا کھانا چوری کرنے والے بگلوں کا حل نکال لیا

Published On 24 April,2023 11:38 pm

لندن: (ویب ڈیسک) برطانوی چڑیا گھر کی انتظامیہ نے سیاحوں کو ستانے اور ان کا کھانا چوری کرنے والے بگلوں کا حل نکال لیا، انتظامیہ نے پرندوں کی شکل کا ایسا لباس تیار کر لیا جسے انسانوں کو پہنانے سے پرندے خوفزدہ ہو جائیں گے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق برطانوی کاؤنٹی لنکاشائر میں سمندر کے کنارے واقع چڑیا گھر کی انتظامیہ نے نئے ملازم بھرتی کرنے کا اعلان کیا ہے جنہیں پرندوں کا لباس پہنایا جائے گا، ملازمین سے سمندری بگلوں کو دور بھگانے کا کام لیا جائے گا۔

برطانیہ میں سمندری بگلے پکنک پر آئے خاندانوں بالخصوص چھوٹے بچوں پر حملہ آور ہو جاتے ہیں، اپنی نوکیلی چونچ سے انہیں نقصان پہنچاتے ہیں جبکہ اکثر اوقات کھانا بھی چھین لیتے ہیں۔

نئے بھرتی ہونے والے ملازمین اس شرط پر ہائر کیے جا رہے ہیں کہ انہیں بگلوں کو ڈرا کر اڑانا ہوگا، پرندوں کے لباس والی ٹیم کو کھانے پینے کے مقامات پر تعینات کیا جائے گا تاکہ لوگ سکون سے کھانا کھا سکیں۔

واضح رہے کہ تمام تکالیف کے باوجود سمندری بگلوں کو مکمل تحفظ حاصل ہے تاہم عوام ان پرندوں کی بے باکی سے سخت پریشان ہیں جس وجہ سے چڑیا گھر کی انتظامیہ نے اس خاص کام کیلئے ملازمین رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔