لزبن: (ویب ڈیسک) پرتگال میں عوام کو ماحولیات کا شعور دینے کیلئے سرگرم افراد کی ایک ٹیم نے ملک کے بڑے شہر سے سگریٹ کے لاکھوں ٹکڑے جمع کر کے ان کا پہاڑ بنا دیا، اس عمل کا مقصد لوگوں کو ماحولیات سے متعلق شعور فراہم کرنا تھا۔
اس مقصد کیلئے کام کرنے والی ماحول دوست افراد پر مبنی ٹیم نے مجموعی طور پر 6 لاکھ سے زائد سگریٹ کے ٹوٹے جمع کیے، ٹیم کے ممبران نے بتایا کہ ان ٹکڑوں کو جمع کرنے کا مقصد عوام کو ایک ایسے مسئلے کا شعور دینا ہے جسے اکثر نظرانداز کیا جاتا ہے۔
ٹیم لیڈر اینڈریاس نے بتایا کہ وہ اس سے پہلے بھی ایسی ہی ایک سرگرمی کے دوران سگریٹ کے 10 لاکھ ٹکڑے جمع کر چکے ہیں، سگریٹ کے منہ میں رکھے جانے والے حصے میں پلاسٹک ہوتا ہے اور وہ زہریلا ہوتا ہے جسے زمین پر پھینک کر ہم ہر جگہ آلودگی پھیلا رہے ہیں۔
اینڈریاس کا مزید کہنا تھا کہ سگریٹ کے ٹکڑے خشکی ہی نہیں سمندر کو بھی بری طرح آلودہ کررہے ہیں، میں نے پورے شہر سے درخواست کی ہے کہ کسی بھی طرح سگریٹ کے ٹکڑوں کو پھیلنے سے روکیں۔