بارسلونا: (ویب ڈیسک) سپین کے ایک پُرفضا مقام پر واقع تاریخی سٹور پر خریدار کم اور مشتاق زیادہ ہیں، ان کی یلغار دیکھ کر سٹور انتظامیہ نے اندر آنے کا ٹکٹ لگادیا ہے۔
سپین کے شہر بارسلونا میں واقع، ’کیوویریئس میوریا‘ نامی سٹور 1898ء میں قائم کیا گیا تھا جو اندر سے بھی تاریخی طرز تعمیر رکھتا ہے، یہ سٹور ایک پُرفضا مقام پر واقع ہے جہاں سیاحوں کا تانتا بندھا رہتا ہے۔
اندر سے یہ قدیم تعمیر کا نمونہ ہے جہاں سیاح کھڑے ہوکر عمارت کو تکتے رہتے ہیں لیکن انہیں روایتی پنیر اور مشروبات وغیرہ خریدنے میں کم ہی دلچسپی ہوتی ہے۔
پھر سیاحوں کی غیر معمولی آمد سے حقیقی خریداروں کو بھی تکلیف کا سامنا ہوتا ہے کیونکہ وہ ہر جگہ تصاویر اور سیلفی بناتے رہتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ اسٹور کی انتظامیہ نے ہر آنے والے کے لیے 5 یورو فیس عائد کردی ہے۔
انتظامیہ کے مطابق اس طرح غیر ضروری افراد کی حوصلہ شکنی ہوگی اور وہ اندر نہیں آسکیں گے۔