لندن: (ویب ڈیسک) بھارتی نژاد برطانوی 10 سالہ بچی نے ایک دن بھی سکول سے غیر حاضر ہوئے بغیر 50 ممالک کی سیر کر لی۔
کہتے ہیں کہ سیاحت دل کے ساتھ ساتھ دماغی کارکردگی میں بھی اضافہ کرتی ہے، ایسی بات پر یقین رکھنے والے ادیتی کے والدین نے اپنی بیٹی کی تعلیم کا حرج کئے بغیر اپنی بیٹی کو دنیا گھما دی۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ادیتی کے والدین برطانیہ میں مقیم ہیں اور دونوں اکاؤنٹنٹ ہیں اور چاہتے ہیں کہ ان کی بیٹی دنیا گھومے اور دنیا کے مختلف علاقوں کی ثقافت سے آشنا ہو اور اس کی تعلیم کا نقصان بھی نہ ہو۔
اس خواہش کو پورا کرنے کی خاطر وہ سال بھر میں تقریباً 20 ہزار پاؤنڈ کی رقم سیاحت پر خرچ کرتے ہیں اور اس بات کا خیال رکھتے ہیں کہ بیٹی کے سکول کی موسم گرما کی چھٹیاں اور سرکاری تعطیلات کے مطابق پہلے سے منصوبہ بندی کریں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ادیتی کے والدین کا کہنا ہے کہ وہ اکثر ادیتی کو جمعہ کو سکول سے لے کر سیاحت کے لئے نکل جاتے ہیں اور اتوار کی رات گئے یا پھر پیر کی صبح سویرے واپس آتے ہیں اور اس بات کو یقینی بناتے ہیں کہ ادیتی کے سکول کی چھٹی نہ ہو۔
ننھی طلبہ کے والدین کے مطابق ادیتی نے 3 برس کی عمر سے دنیا گھومنے کے اس سفر کا آغاز جرمنی سے کیا تھا اور اب تک یورپ کے تمام ممالک کے علاوہ تھائی لینڈ، نیپال اور سنگاپور سمیت 50 ممالک بھی گھوم چکی ہے اور ادیتی کا پسندیدہ ملک جارجیا، آرمینیا اور نیپال ہیں۔