خاتون اور شیر کی ایک ہی پلیٹ میں کھانا کھانے کی ویڈیو وائرل

Published On 20 July,2023 08:48 am

ابوظہبی: (ویب ڈیسک) متحدہ عرب امارات کے ایک چڑیا گھر میں خاتون اور خونخوار شیر کی ایک ساتھ ایک ہی پلیٹ میں کھانا کھانے کی ویڈیو دیکھنے والی کی توجہ کا مرکز بن گئی۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو راک چڑیا گھر (Rak Zoo) کی ہے جس میں خاتون کو شیر کے بالکل قریب بیٹھ کر کھانا کھاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

شیر پلیٹ میں موجود گوشت کھا رہا ہے جبکہ خاتون چکن کے مزے لے رہی ہیں۔

 

ویڈیو دیکھنے والوں نے خاتون کی ہمت کو داد دی کیونکہ جانور کسی بھی وقت ارادہ بدل کر خاتون پر حملہ آور ہو سکتا تھا۔

راک چڑیا گھر نے اپنے انسٹاگرام پیج سے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ دنیا میں کہیں بھی ایسا منظر دیکھنے کو نہیں ملے گا سوائے راک چڑیا گھر کے، یہ اپنی نوعیت کی پہلی معیار کی خدمت ہے۔

ویڈیو کے پوسٹ ہوتے ہی ہزاروں لوگوں نے اسے نہ صرف دیکھا بالکل اسے اپنی ٹائم لائن پر شیئر بھی کیا، بہت کم وقت میں ویڈیو وائرل ہوگئی۔