دبئی: (ویب ڈیسک) متحدہ عرب امارات کی جانب سے دنیا کی پہلی ایسی مسجد کی تعمیر کا اعلان کیا گیا ہے جس میں زیر آب نماز پڑھی جا سکے گی۔
ساڑھے 5 کروڑ درہم (4 ارب 33 کروڑ پاکستانی کروڑ روپے سے زائد) کی لاگت سے پانی میں تیرتی اس مسجد کو دبئی میں تعمیر کیا جائے گا۔
دبئی کے محکمہ اسلامی امور و فلاحی سرگرمیوں کی جانب سے اس مسجد کو دبئی واٹر کینال میں تعمیر کرنے کا اعلان کیا گیا۔
حکام نے بتایا کہ اس منصوبے سے مذہبی سیاحت کو فروغ ملے گا، یہ 3 منزلہ عمارت ہوگی جس میں نماز پڑھنے کی جگہ زیر آب ہوگی اور ایک وقت میں 50 سے 75 افراد نماز پڑھ سکیں گے۔
منصوبے کے چند خاکے بھی جاری کیے گئے جن سے عمارت کے ڈیزائن کا اندازہ ہوتا ہے۔
حکام نے بتایا کہ ہر مذہب کے افراد کو اس مسجد میں آنے کی اجازت ہوگی، مگر مناسب لباس پہننا لازمی ہوگا، یہ مسجد اگلے سال تک سیاحوں کیلئے کھول دی جائے گی۔
خیال رہے کہ اس سے قبل مئی 2023 میں دبئی میں دنیا کی پہلی 3 ڈی پرنٹڈ مسجد تعمیر کرنے کا بھی اعلان کیا گیا تھا۔