سنگاپور: (ویب ڈیسک) جاپانی سیاح خاتون نے سنگا پور میں 2 لاکھ روپے کی ایک ڈش کھانے کے بعد پولیس کو بُلا لیا۔
حال ہی میں دوستوں کے ہمراہ سنگاپور کی سیر کو جانے والی جاپانی خاتون نے وہاں کے ایک ریسٹورنٹ میں کیکڑا کھایا جس کا بل دیکھ کر قیمت پہلے نہ بتانے کی شکایت کرتے ہوئے خاتون نے پولیس بُلا لی۔
رپورٹ کے مطابق خاتون سیاح کو کیکڑے کی ایک ڈش کے 680 ڈالر (2 لاکھ پاکستانی روپے) کا بل تھمایا گیا تھا۔
سنگاپورکی ویب سائٹ ایشیا ون کے مطابق جاپانی خاتون سیاح کا موقف ہے کہ ریسٹورنٹ کے عملے کی جانب سے اس ڈش کی قیمت کے بارے میں صحیح طور پر آگاہ نہیں کیا گیا تھا۔
انہوں نے پولیس کو بتایا کہ ’انہوں نے ایک ویٹر کی جانب سے تجویز کرنے پر ریسٹورنٹ کی ”سگنیچر الاسکن کنگ چِلی ڈش“ منگوائی تھی۔
خاتون کا مزید کہنا تھا کہ ’ویٹر نے کیکڑے کو ایک ڈش کے طور پر بتایا جس کی قیمت 20 ڈالر تھی، تاہم انہیں یہ نہیں بتایا گیا تھا کہ ریسٹورنٹ اس ڈِش کی قیمت فی 100 گرام کے حساب سے وصول کرتا ہے‘۔
جاپانی خاتون سیاح نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ ڈش تیار کرنے سے پہلے انہیں کیکڑے کا کل وزن بھی نہیں بتایا گیا تھا، ریسٹورنٹ نے جاپانی خاتون سیاح سمیت چار افراد کے اس گروپ کو تقریباً 3500 گرام ڈش کا 680 ڈالر کا بِل دیا۔
سیاحوں کے اس چار رکنی گروپ میں سے ایک 50 سالہ ٹورسٹ کا کہنا تھا کہ اس ڈش کا بل دیکھ کر ہم سب حیران رہ گئے، کیونکہ ہم میں سے کسی کو یہ معلوم نہیں تھا کہ پورا کیکڑا صرف ہمارے لئے ہی تیار کیا جائے گا۔
ریسٹورنٹ کے عملے نے واضح کرتے ہوئے کہا کہ ’اس گروپ سے زیادہ پیسے نہیں وصول کیے گئے‘، عملے نے اسی دوران یہی ڈش آرڈر کرنے والے ایک اور گاہک کے بل کی رسید دکھائی۔
کچھ بحث ومباحثے کے بعد ریسٹورنٹ کی انتظامیہ نے خاتون پر نظرِکرم کرتے ہوئے ان کا بل 78 ڈالر کم کر دیا۔
پیراڈائز گروپ کے ایک نمائندے نے بعد میں ریمارکس دیئے کہ ’ہم اس معاملے پر اپنے عملے کے ساتھ کھڑے ہیں جس کے مطابق آرڈر دینے سے قبل گاہکوں کو ’الاسکا کنگ کریب‘ کی قیمت اور وزن کے بارے میں واضح طور پر آگاہ کیا گیا تھا۔