فلوریڈا: (ویب ڈیسک) امریکی ریاست فلوریڈا سے تعلق رکھنے والا 10 سالہ بچہ اور اس کی 11 سالہ بہن اپنی والدہ کی کار چلا کر 320 کلومیٹر دور ہائی وے پر نکل گئے۔
کیلیفورنیا کی طرف محو سفر بچوں کی گاڑی کو بین الریاستی ہائی وے پر پولیس نے روکا۔
پولیس حکام کے مطابق صبح 4 بجے ہائی وے پر تعینات اہلکاروں کو گینزول کے علاقے میں گاڑی نظر آئی، بچوں کی والدہ نے پولیس میں شکایت درج کرائی تھی کہ ان کی گاڑی چوری ہوگئی ہے اور دونوں بچے پچھلے 4 گھنٹے سے لاپتہ ہیں، بچوں کا تعلق جنوب مغربی فلوریڈا کے شہر نارتھ پورٹ سے تھا۔
ہائی وے پر گاڑی نظر آتے ہی پولیس اہلکاروں نے سمجھا کہ ان کا مقابلہ گاڑی چوروں سے ہے لٰہذا انہوں نے اپنا اسلحہ گاڑی پر تان لیا اور گاڑی میں بیٹھے افراد کو باہر نکلنے کی ہدایت دی۔
حکام نے بتایا کہ اہلکار یہ دیکھ کر حیران رہ گئے کہ ایک 10 سالہ لڑکا اور اس کی 11 سال کی بہن گاڑی سے اتر رہی ہے۔
پولیس اہلکاروں کو معلوم ہوا کہ لڑکی اداس تھی کیونکہ والدہ نے اس کے الیکٹرانک ڈیوائسز چھین لئے تھے تو چھوٹا بھائی اسے کیلیفورنیا لے کر جا رہا تھا۔
پولیس کے تفتیش کاروں نے بچوں سے انٹرویو کے ذریعے معلوم کرنے کی کوشش کی کہ آیا انہیں والدہ یا گھر میں کسی اور کی طرف سے برے رویے کا سامنا تو نہیں لیکن ایسی کوئی بات سامنے نہیں آئی۔
بعد ازاں تفتیش کے بعد دونوں بچوں کو ماں کے حوالے کر دیا گیا۔