دینہ: (دنیا نیوز) تیسرے روز بھی وحشی بندروں نے محکمہ وائلڈ لائف کی دوڑیں لگوادیں، بندر کہاں جاتے ہیں اور کہاں سے آ جاتے ہیں اہلکار حیران ہیں، نشاندہی ہونے پر آگے آگے بندر اور پیچھے پیچھے محکمہ وائلڈ لائف کے اہلکار ہوتے ہیں۔
جہاں جہاں نشاندہی ہوتی ہے وائلڈ لائف اہلکار وہاں پہنچ جاتے ہیں، نشاندہی کی جگہ پر اہلکار پہنچتے ہیں تو بندر وہاں سے کہیں اور جا چکے ہوتے ہیں، انچارج وائلڈ لائف اپنی پوری ٹیم کے ساتھ بندروں کی تلاش میں سرگرم ہیں۔
محکمہ وائلڈ لائف نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ بندروں کو خوراک دے کر مانوس کریں اور کسی کمرے میں بند کر دیں، بندروں کے ساتھ پیار سے پیش آئیں انہیں خوراک دیں کیونکہ اگر بندر خوراک زبردستی حاصل کریں گے تو نقصان کا اندیشہ ہے۔
محکمہ کا مزید کہنا ہے کہ شہریوں کے تعاون سے ہی ان بندروں کو پکڑنے میں کامیاب ہو سکتے ہیں، ہماری کوشش ہے کہ جلد از جلد عوام کے تعاون سے ان کو پکڑ لیا جائے۔