خیرات کے بدلے نیکیاں بیچنے والا انوکھا بھکاری گرفتار

Published On 20 October,2023 12:30 pm

گجرات: (ویب ڈیسک) گجرات پولیس نے ایسے انوکھے بھکاری کو گرفتار کیا ہے جو خیرات دینے والوں کو رقم کے عوض نیکیاں بیچتا تھا۔

تھانہ گلیانہ گجرات کی پولیس نے یہ کارروائی مین بازار گلیانہ چوک میں کی اور ذوالفقار علی نامی بھکاری کو گرفتار کیا جو چندے کی آڑ میں لوگوں سے بھیک مانگ رہا تھا۔

پولیس کا کہنا تھا کہ ملزم نے بھیک مانگنے کا نیا اور انوکھا طریقہ ایجاد کیا تھا اور وہ سادہ لوگوں کو نیکیاں فروخت کرنے کا جھانسہ دے کر رقم بٹورتا تھا، اس سلسلے میں ملزم سے ایک رسید بُک بھی ملی جس پر نیکیوں کی مختلف قیمتیں درج تھیں۔

رسید پر جلی حروف میں ’’حاکم دین کا دربار لکھا‘‘ ہے جبکہ چار خانے بنائے گئے ہیں جس میں مختلف نیکیوں کی قیمتیں درج ہیں، رسید پر لکھی گئی قیمتوں کے مطابق 10 روپے کے عوض ایک لاکھ نیکیاں، 100 روپے کے عوض ایک کروڑ نیکیاں حاصل کریں۔

رسید کے مطابق ایک ہزار روپے میں ایک ارب اور 10 ہزار روپے دے کر کوئی بھی شخص ایک کھرب نیکیاں کما سکتا ہے۔

پولیس کے مطابق ملزم رسید پر پیسے دینے والوں کے کوائف جس میں نام اور فون نمبر ہوتا تھا وہ درج کرتا تھا اور سادہ لوح لوگوں کو نیکیاں دینے کا وعدہ کرتا تھا۔

ملزم کو پولیس نے مقدمہ درج کرنے کے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا ہے۔