ریاض: (ویب ڈیسک) خاتون نے اپنے والد کی محبت میں اپنی ازدواجی زندگی کو خیرباد کہہ دیا۔
سعودی خاتون ڈاکٹر نے شوہر کی جانب سے اپنے والد کا مذاق اڑانے پر شادی کے 20 برس بعد علیحدگی اختیار کر لی ہے۔
میڈیا ذرائع کے مطابق خاندانی امور کی مشیر عبیر السعد نے علیحدگی کی وجہ پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ کسی بات پر جھگڑے کے دوران شوہر نے بیوی کے والد کے دستکاری کے پیشے کا مذاق اڑایا، بیوی اس طعنے کو برداشت نہ کر سکی جس کے بعد خاتون نے شوہر سے خلع لے لی۔
خاتون ڈاکٹر کی جانب سے خلع لیتے ہوئے مہر کی رقم بھی واپس کر دی گئی۔
خاندانی امور کے مشیر کا مزید کہنا تھا کہ شوہر اور بیوی کے درمیان صلح کی ہر ممکن کوشش کی گئی جسے خاتون ڈاکٹر نے یہ کہہ کر مسترد کر دیا کہ انہیں اپنے والد کے پیشے پر فخر تھا اور ہے۔
خاتون کا کہنا تھا کہ یہ مذاق ناقابلِ برداشت ہے، ایسے شخص کے ساتھ جو ان کے والد کے قابلِ عزت پیشے کو حقارت کی نظر سے دیکھتا ہو، رہنا ممکن نہیں۔