خاتون آن لائن لپ سٹک منگوانے کے چکر میں بھاری رقم سے محروم

Published On 23 November,2023 08:48 am

ممبئی: (ویب ڈیسک) دنیا بھر میں لوگ گھر بیٹھے آن لائن چیزیں منگواتے ہیں تاکہ اپنا وقت بچا سکیں لیکن اس دوران اکثر لوگ دھوکا بھی کھا جاتے ہیں۔

بھارت کے شہر ممبئی سے تعلق رکھنے والی خاتون نے ای کامرس کے ذریعے کوریئر کمپنی سے 300 روپے کی لپ سٹک منگوائی، چند روز بعد انہیں فون کال کے ذریعے بتایا گیا کہ آپ کا آرڈر ڈیلیور کیا جا چکا ہے، لیکن حقیقتاً خاتون کو موصول نہیں ہوا تھا۔

متاثرہ خاتون نے کسٹمر سروسز سنٹر سے رابطہ کر کے شکایت کی تو انہیں چند روز انتظار کا مشورہ دیا گیا، کچھ ہی گھنٹوں بعد انہیں ایک فون کام موصول ہوئی جس میں کہا گیا کہ آپ کا آرڈر بالکل تیار ہے بس آپ ہمیں 2 روپے بھیج دیں تاکہ پراسس کو آگے بڑھایا جا سکے۔

خاتون کو ایک لنک بھیج کر ایپ کو موبائل فون میں ڈاؤن لوڈ کرنے اور اس کے ذریعے 2 روپے ٹرانسفر کرنے کو کہا گیا، چند روز بعد خاتون کو نوٹیفکیشن موصول ہوا جس میں بتایا گیا کہ آپ کے اکاؤنٹ سے 1 لاکھ روپے کی رقم نکال لی گئی ہے۔

مذکورہ نوٹیفکیشن دیکھتے ہی متاثرہ خاتون کے ہوش اُڑ گئے اور انہوں نے فوری طور پر پولیس کو شکایت کی جس پر سائبر کرائم سیل کام کر رہا ہے۔