راجستھان: (ویب ڈیسک) بھارتی ریاست راجستھان کے تاریخی شہر جودھ پور میں دودھ کی ایک ایسی دُکان ہے جس کا چولہا گزشتہ 74 سال سے کبھی نہیں بُجھا ہے۔
نسل در نسل چلتی دُکان سے منسوب انوکھے دعوے کی وجہ سے یہ دکان سوشل میڈیا پر خاصی وائرل ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق جودھ پور میں سجاتی گیٹ کے قریب واقع دودھ کی اس غیر معمولی دکان کے مالک کا دعویٰ ہے کہ جس برتن میں دودھ ڈال کر آگ پر رکھا جاتا ہے وہ آگ 1949 سے یونہی جل رہی ہے اور کبھی نہیں بُجھائی گئی۔
دکان کے مالک وپل نیکوب نے بتایا کہ ان کے دادا نے 1949 میں کاروبار شروع کیا تھا اور تب سے یہ چُولہا کبھی نہیں بُجھایا گیا، دکان روزانہ 22 سے 24 گھنٹے کھلی رہتی ہے جہاں روایتی طور پر دودھ کو کوئلے اور لکڑی کی آگ پر گرم کیا جاتا ہے۔
وپول نیکوب نے مزید کہا کہ یہ دکان تقریباً 75 سال سے چل رہی ہے اور ہم نسل در نسل کام کر رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ میں تیسری نسل ہوں اور اب یہ آگ یہاں کی روایت بن چکی ہے، ہماری ڈیری شاپ مشہور ہے اور لوگوں میں بے حد مقبول بھی، یہی ہمارے کام کی کامیابی کی وجہ ہے۔