نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارت میں دادی کو کرسی نہ ملنے پر دلہا بارات واپس لے گیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق دلہن کے والد مبین نے بتایا کہ ان کی بیٹی کی بارات نئی دہلی سے اورنگ آباد پہنچی تھی جہاں ان کے پورے خاندان نے دلہے اور اس کے گھر والوں کا استقبال کیا۔
بارات پہنچنے کے چند گھنٹوں بعد ہی دلہا نے اس شادی کو ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
دلہن کے والد کا کہنا ہے کہ بارات پہنچنے کے بعد ہر شخص تقریب سے لطف اندوز ہو رہا تھا لیکن اسی دوران دلہا کی دادی اور ایک مہمان کے درمیان کرسی پر جھگڑا شروع ہوگیا، دلہا کی دادی نے اس جھگڑے کو اپنی بے عزتی سمجھا اور دلہے سے شکایت کر دی جس کے بعد جھگڑا طول پکڑگیا۔
رپورٹ کے مطابق جھگڑے کے دوران باراتیوں نے دلہن کو لے جانے کے بعد اس کے ساتھ بُرے سلوک کی دھمکیاں دیں، جھگڑا بڑھنے پر دلہن کے گھر والوں نے دلہا کے خاندان کو ایک کمرے میں بند کر دیا اور شادی پر خرچ کی گئی رقم کا مطالبہ کیا۔
تقریب میں شامل ایک مہمان نے بتایا کہ دلہا کے گھر والوں کی جانب سے کچھ رقم کی ادائیگی کے بعد دلہن کے گھر والوں نے انہیں بارات واپس لے جانے کی اجازت دی۔