جازان :(ویب ڈیسک) سعودی عرب کا جازان ریجن غیر ملکی سیاحوں کیلئے سیر و تفریح کے ساتھ ’کلف ڈائیونگ‘ کا بھی مرکز بن گیا۔
سعودی عرب کی جازان ریجن میں واقع حسین وادیاں اور ان کے دلکش مناظر دیکھنے سے تعلق رکھتے ہیں، غیرملکی سیاح ’کلف ڈائیونگ‘ کے لیے جازان کی ایسی ہی وادی کا رُخ کر رہے ہیں۔
غیرملکی سیاح اس حسین وادی کے ساتھ’کلف ڈائیونگ‘ کے خوبصورت کھیل کے سحر میں بھی مبتلا ہو رہے ہیں ،بلند وبالا سلسلہ وار پہاڑیاں اور خوبصورت چشمے اس علاقے کے حسن کو مزید نکھارتے نظر آتے ہیں۔
غیر ملکی سیاحوں کا کہنا ہے کہ اس جادوئی مقام پر ’کلف ڈائیونگ‘ ایک ناقابل یقین ایڈونچر ہے، اس ایڈونچر کو کرنے والا اس کی خوبصورتی سے باہر نہیں نکل پاتا۔
غیر ملکی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سیاح ڈیوڈ کولٹوری کا کہنا ہے کہ جازان ریجن کی اس وادی کی خاص بات یہ ہے کہ یہاں آنے کیلئے آپ کو سنگلاخ پہاڑوں کے درمیان چلنے کے ساتھ ساتھ مختلف چوٹیوں کو عبور کرنا پڑتا ہے۔
ڈیوڈ مزید کہتا ہے کہ’کلف ڈائیونگ‘ کے دوران تازہ پانی کے چشموں میں چھلانگیں لگانا مجھے اس سے بھی زیادہ سنسی خیز اور دلچسپ لگا، مگر سچ یہ ہے کہ اس تمام کھیل سے میں خود بہت لطف اندوز ہوا ہوں ایسا تجربہ مجھے زندگی بھر نہیں بھول سکتا۔
واضح رہے سعودی عرب کے محکمہ سیاحت و ثقافت کی جانب سے ایسی بہت سے مقامات کی نشاندہی کی جارہی ہے جہاں سیاحوں کو سیر و تفریح کے ساتھ کچھ نیا کرنے کے مواقع فراہم کئے جائیں۔