گجرات: (ویب ڈیسک) بھارت میں گول گپے بیچنے والا ایک شہری نریندر مودی سے اپنی مشابہت کی وجہ سے سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے ہمشکل انیل بھائی ٹھاکر کا تعلق گجرات سے ہے جن کا پیشہ گول گپے کی دکان ہے، ان کی وجہ شہرت بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سے مشابہت ہے جس کی وجہ سے ان کی دکان پر کافی لوگوں کا تانتا بندھا رہتا ہے۔
انیل گجرات میں ’تلسی پانی پوری سینٹر‘ نامی دکان کے مالک ہیں، مقامی لوگ انہیں پی ایم مودی کے نام سے پکارتے ہیں کیونکہ ان کا حلیہ وزیر اعظم سے بہت ملتا ہے یہاں تک کہ ان کا لباس، چشمہ، بالوں اور سفید داڑھی کا انداز بھی نریندر مودی سے متاثر ہے۔
انیل جوناگڑھ کے رہنے والے ہیں، یہ دکان ان کے دادا نے شروع کی تھی جبکہ انیل اس وقت 18 سال کے تھے جب انہوں نے اسی دکان پر گول گپے بیچنا شروع کیے۔
71 سالہ انیل نے مقامی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ گاہک اکثر ان کی شکل کی وجہ سے ان کے ساتھ سیلفی لیتے رہتے ہیں، مجھے وزیراعظم مودی سے مشابہت کی وجہ سے مقامی لوگوں اور سیاحوں دونوں سے بہت پیار اور محبت ملتی ہے۔