لندن :(ویب ڈیسک )1912 میں ڈوبنے والے بحری جہاز ٹائی ٹینک پر سوار اس عہد کے امیر ترین شخص کی لاش سے ملنے والی طلائی جیبی گھڑی لاکھوں پاؤنڈ میں ریکارڈ قیمت پر نیلام ہوئی ہے۔
جان جیکب آسٹر کی لاش سے اس طلائی گھڑی کو دریافت کیا گیا تھا جواپنی نئی اہلیہ کے ساتھ ٹائی ٹینک پر سفر کر رہے تھے کہ بدقسمتی سے بحری جہاز ڈوب گیا، اس بدقسمت جہاز میں سوار جان جیکب کی یہ طلائی گھڑی 12 لاکھ برطانوی پاؤنڈز (40 کروڑ پاکستانی روپے سے زائد) میں فروخت ہوئی۔
اس گھڑی نے ٹائی ٹینک سے ملنے والی اشیا میں سب سے زیادہ قیمت پر نیلام ہونے کا ریکارڈ بنایا ہے، اس سے قبل یہ ریکارڈ ایک وائلن کے پاس تھا جو 2013 میں 11 لاکھ پاؤنڈز میں فروخت ہوا تھا۔
واضح رہے ٹائی ٹینک کے ملبے سے ملنے والی اس گھڑی کو امریکہ کی ایک کمپنی نے نیلامی کیلئے پیش کیا تھا۔