لندن: (دنیا نیوز) سمندری طوفان کیتھلین برطانیہ سے ٹکرا گیا، تیز ہواؤں کی وجہ سے درجنوں پروازیں منسوخ، ہزاروں مسافر متاثر ہو گئے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق میٹ آفس کی ییلووارننگ جاری ہونے پر مختلف ہوائی اڈوں پر 140 پروازیں منسوخ کی گئیں، ہیتھرو، مانچسٹر، برمنگھم، ایڈنبرا اور بیلفاسٹ سٹی سمیت دیگر ہوائی اڈوں پر پروازیں منسوخ ہوئیں۔
سکاٹ لینڈ میں ریل اور فیری سروس بھی بند کر دی گئی، برطانیہ کے کچھ حصوں میں 70 میل فی گھنٹہ سے زیادہ کی رفتار سے تیز آندھی چلی، طوفانی ہواؤں کے سبب ہزاروں افراد بجلی سے محروم ہو گئے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق متعدد علاقوں میں درخت ٹوٹ کر گر گئے، تیز ہواؤں کے باوجود مشرقی انگلینڈ میں درجہ حرارت 21.4 سینٹی تک پہنچ گیا۔
بتایا گیا ہے کہ طوفان کے زیادہ تر اثرات شمال مغرب ، جنوب مغرب اور شمالی آئرلینڈ، سکاٹ لینڈ اور ویلز میں محسوس کیے گئے، شمالی آئرلینڈ میں ٹائٹینک بیلفاسٹ میوزیم کی چھت کا ایک حصہ گر کر تباہ ہوگیا۔