آلسڈورف:(ویب ڈیسک ) جرمنی میں طلبہ کی آسانی کیلئے سکول انتظامیہ نے وقت کی پابندی ختم کردی۔
دنیا بھر میں عمومی طور پر سکول صبح آٹھ بجے شروع ہوتا ہے، بہت سے بچوں کو صبح سویرے اٹھنے میں دشواری ہوتی ہے، اس لیے مغربی جرمنی میں ایک سکول نے طلبہ کی آسانی کے لیے سکول کے اوقات تبدیل کر دیئے۔
اس حوالے سے مقامی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سکول انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ہمارے تعلیمی ادارے کو اس فیصلے سے کسی قسم کا کوئی مسئلہ درپیش نہیں ہوا، ہم نے طلبہ کو فیصلہ کرنے کی اجازت دی ہے کہ وہ کب سکول آنا چاہتے ہیں کیونکہ نوعمری میں بچوں کا بائیولیجکل ریتھم مختلف ہوتا ہے، بچے اکثر رات کو توانا اور صبح کو تھکا ہوا محسوس کرتے ہیں،اس لیے سکول کو ان کی مرضی کے مطابق چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
سکول کے ایک استاد سائمن فریتشز نے اپنی گفتگو میں کہا کہ چونکہ ہمارے پاس پہلی کلاس میں بچے کم ہوتے ہیں، اس عمر میں ہر چیز قدرے آرام دے ہوتی ہے، یوں انہیں مرضی کے اوقات دے کر ہم اُن پر زیادہ توجہ دے سکتے ہیں، اس کا ایک بہت بڑا فائدہ یہ بھی ہے کہ طلبہ دن کو رہ جانے والے اسباق دوبارہ بھی حاصل کر سکتے ہیں۔
سکول کی طلبہ لینا گوزائن نے کہا ہے کہ میں سکول کے فیصلے سے خوش ہوں، اس سے میں اپنے دیگر کام کی منصوبہ بندی کرسکتی ہوں ، زیادہ سے زیادہ آرام کرسکتی ہوں اور اپنے دیگر امور نمٹا سکتی ہوں جس سے مجھے زیادہ توانائی میسر آئی ہے۔