نئی دہلی: (ویب ڈیسک) شادی میں کھانے کے مینیو میں بریانی نہ ہونے پر لڑکے اور لڑکی والوں کے درمیان گھونسے، مکے اور کرسیاں چل گئیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی ریاست اتر پردیش کے ضلع فیروز آباد میں منعقد ہونے والی ایک شادی کی تقریب میں کھانے کے مینیو میں پنیر، پلاؤ اور مختلف سبزی کے سالن تھے جبکہ مبینہ طور پر لڑکے والوں کو لاکھوں روپے جہیز میں بھی ادا کیا گیا۔
کھانے میں بریانی نہ ہونے پر دلہا اور اس کے رشتہ دار مشتعل ہو گئے اور انہوں نے دلہن کے اہل خانہ پر لاتوں اور گھونسوں کی بارش کر دی جبکہ لاٹھیوں سے بھی پیٹا، یہی نہیں لڑکے والوں نے بریانی نہ ہونے پر دلہن والوں سے ایک لاکھ روپے کا مطالبہ بھی کیا۔
واقعے کے بعد بارات واپس چلی گئی اور شادی منسوخ ہو گئی جس کے بعد دلہن کے گھر والوں نے دلہے اور باراتیوں کیخلاف پولیس میں مارپیٹ اور جہیز کی شکایت درج کرا دی۔
لڑکی والوں کی جانب سے درج شکایت میں کہا گیا ہے کہ دلہا اس کے والد اور دیگر باراتیوں نے کھانے میں بریانی نہ ہونے پر گالی گلوچ کی جب اس بات پر بحث شروع ہوئی تو انہوں نے ہمیں لاٹھیوں سے مارنا شروع کر دیا اور لاتیں بھی ماریں۔
شکایت میں یہ بھی کہا گیا کہ لڑکے والوں کو تقریباً 5 لاکھ روپے جہیز کے طور پر دیئے گئے ہیں، دوسری جانب متاثرہ فریقین کی درخواست پر پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔