ٹرمپ پر فائرنگ کرنیوالے تھامس کے گھر اور گاڑی سے دھماکہ خیز مواد برآمد

Published On 15 July,2024 05:45 am

نیویارک: (ویب ڈیسک) امریکی حکام سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر حملے کے مجرم کی شناخت ظاہر کرنے کے بعد نئی معلومات سامنے لے آئے ہیں۔

غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق پنسلوانیا میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بتایا کہ ٹرمپ کے قتل کی کوشش کے مرتکب تھامس میتھیو کروکس کے گھر سے دھماکہ خیز مواد ملا ہے، کروکس کی کار میں بھی دھماکا خیز مواد پایا گیا ہے، مجرم جس کار کو چلا رہا تھا وہ پنسلوانیا کے بٹلر میں ٹرمپ کی ریلی کے قریب ہی کھڑی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ انتخابی ریلی کے دوران قاتلانہ حملے میں زخمی

ذرائع کے مطابق پولیس کو ٹرمپ کے شوٹر کے مقام کے قریب مشکوک پیکجز ملنے کی رپورٹس موصول ہوئی ہیں جس کو کلیئر کرنے کیلئے بم ٹیکنیشن بھیجے گئے، تفتیش کاروں نے ہفتے کی شام تک جائے وقوعہ کا جائزہ لیا اور کروکس کے گھر کی بھی تلاشی لی، مجرم کے زیر استعمال بندوق اس کے والد نے قانونی طور پر خریدی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: ٹرمپ محفوظ ہیں جان کر خوشی ہوئی، واقعے کیخلاف قوم کو متحد ہونا چاہیے: صدر بائیڈن

میڈیا رپورٹس کے مطابق مجرم کے پاس ایک کنٹرول ڈیوائس تھا جس کے ذریعے وہ دور سے بم کو اڑا سکتا تھا، قاتلانہ حملے کا مرتکب تھامس میتھیو کروکس تھا اور حکام نے اسے جائے وقوعہ پر گولی مار کر ہلاک کر دیا کیونکہ اس نے ٹرمپ کو قریبی مقام سے رائفل سے نشانہ بنایا۔