انتخابی ریلی میں فائرنگ سے زخمی ہونے والے ڈونلڈ ٹرمپ کا بیان سامنے آ گیا

Published On 14 July,2024 06:45 am

نیویارک: (دنیا نیوز) انتخابی ریلی میں قاتلانہ حملے کے بعد سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے بیان جاری کر دیا گیا۔

غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق فائرنگ سے زخمی ہونے والے ری پبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار اور سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے بیان کہا ہے کہ میں بالکل خیریت سے ہوں، میں کسی سے ڈرنے والا نہیں اور سب کا ڈٹ کر مقابلہ کروں گا۔

یہ بھی پڑھیں: انتخابی ریلی میں فائرنگ سے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ زخمی، ایک شخص ہلاک

سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر بیان جاری کرتے ہوئے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ گولی میرے دائیں کان کے اوپری حصے میں لگی، سیکرٹ سروس کے ایجنٹوں کا شکرگزار ہوں جنہوں نے میری حفاظت کی، فائرنگ میں ہلاک اور زخمی ہونے والے ریلی کے شرکاء سے تعزیت کا اظہار کرتا ہوں، شوٹر اب مر چکا ہے اس کے بارے میں اس وقت کچھ معلوم نہیں۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے بیان میں مزید کہا ہے کہ مجھے ایک گولی ماری گئی تھی جو میرے دائیں کان کے اوپری حصے میں لگی، میں نے فوراً جان لیا کہ کچھ گڑبڑ ہے، میں نے سرسراہٹ کی آواز سنی اور پھر گولیاں چلیں، فوراً ہی ایک گولی تیزی سے جاتی ہوئی محسوس ہوئی، کان سے بہت زیادہ خون بہنے لگا تو میں سمجھ گیا کہ کیا ہو رہا ہے، خدا امریکا پر رحم کرے۔