میڈرڈ:(ویب ڈیسک) سپین کے شہر میڈرڈ کے ایک میوزیم نے نابینا افراد کو دنیا بھرکی سیر کرانے کا دلچسپ اور انوکھا طریقہ ڈھونڈ لیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق میڈرڈ کے میوزیم میں دنیا بھر کے عجائبات کے ماڈلز رکھے گئے ہیں اور اس میوزیم میں خصوصی طور پر بینائی سے محروم افراد کو مدعو کیا جاتا ہے، نابینا افراد میوزیم میں ان عجائبات کو چھو کر محسوس کرتے ہیں اور اُن کے بارے میں اپنا اندازہ قائم کر سکتے ہیں۔
رپورٹس میں بتایا گیا کہ میوزیم میں شائقین کی توجہ کیلئے دنیا بھرکے مونیومینٹس کے ماڈلز بھی رکھے گئے ہیں، نابینا افراد ان عمارتوں کے ماڈلز کو چھو کر لطف اندوز ہوتے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میوزیم میں آنے والی ایک نابینا خاتون مرینا روزا نے اپنی گفتگو میں کہا کہ یہ بینائی سے محروم افراد کے آنے کے قابل جگہ ہے جہاں تفریح کےساتھ آپ محسوس کرسکتے ہیں کہ دنیا بھر کی یارگار اور مجسمے کیسے ہوتے ہیں۔
روزا نے مزید کہا کہ اگر میں یہ کہوں کہ ہم یہاں چند لمحوں میں پوری دنیا گھوم لیتے ہیں تو کچھ غلط نہیں ہوگا، یہ ہمارے جیسے افراد کیلئے ثقافت اور فن کے قریب آنے کا بھی بہترین موقع ہے،اس میوزیم کے ذریعے آپ دنیا بھر کے ماڈلز کے حصوں کو چھو سکتے ہیں۔