مظفر پور:(دنیا نیوز) بھارت کے ضلع مظفر پور میں ایک انوکھا ہسپتال قائم ہے جہاں سانپ کے کاٹنے کا علاج پتھر سے کیا جاتا ہے۔
ہسپتال کی انچارج سسٹر گلیڈس نے مقامی میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہاں سانپ کے ڈسے ہوئے مریضوں کا علاج سانپ کے پتھر (سنیک سٹون) کے ساتھ اینٹی وینم جو جرمنی اور جنوبی افریقہ میں پایا جاتا ہے اس سے کیا جاتا ہے۔
گلیڈس کا کہنا تھا کہ سنیک سٹون کو سانپ کے کاٹنے والی جگہ پر باندھ کر پانچ 5 گھنٹے تک مشاہدے کے لیے رکھا جاتا ہے، جس مریض کا زہر پورے جسم میں پھیل گیا ہوتا ہے اس کے زخم کے ساتھ 10 سے 12 گھنٹے کے اندر سانپ کے کاٹنے کی جگہ پتھر بدل دیا جاتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ مریض کے ٹھیک ہونے کے بعد پتھر کو پانچ گھنٹے تک دودھ میں رکھا جاتا ہے اور پھر اس پتھر سے دوسرے مریض کا علاج کیا جاتا ہے، مریض جتنی جلدی ہسپتال پہنچتے ہیں، زندہ رہنے کے امکانات اتنے ہی زیادہ ہوتے ہیں۔
واضح رہے یہ ہسپتال مظفرپور میں 1976 میں ہولی کراس سسٹرز سوئٹزرلینڈ کے تعاون سے قائم ہوا، ابتدا میں اسے ٹی بی کے مریضوں کے لیے قائم کیا گیا تھا لیکن وہاں جب سانپ کے مریض آنے لگے تو یہ سانپ ہسپتال کے نام سے مشہور ہو گیا۔