واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکا میں ایک عجیب و غریب واقعہ پیش آیا جہاں پولیس نے لوگوں کو تنگ کرنے والے 2 بکروں کو پکڑ لیا۔
اس حوالے سے کینٹ پولیس نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر ایک پوسٹ کے ذریعے بتایا کہ یہ دونوں بکرے پیدل چلنے والوں کا پیچھا کر کے انہیں تنگ کرتے تھے جنہیں گزشتہ روز پکڑا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق پولیس حکام کا کہنا تھا کہ معلوم نہیں کہ یہ کہاں سے آئے ہیں تاہم دونوں بکروں کو شہر کے شمال میں دیکھا گیا تھا اور انہیں عوام کے ساتھ برا رویہ اختیار کرنے پر قابو کر لیا گیا۔
پولیس نے مزاحیہ انداز میں یہ بھی لکھا کہ ہمیں غلط مت سمجھیں، یہ دونوں بکرے بہت پیارے ہیں لیکن لوگوں یا بکروں کیلئے دوسروں کا پیچھا کرنا ٹھیک نہیں ہے۔
محکمہ پولیس نے مزاحیہ انداز میں لکھا کہ انہوں نے ان شرارتی بکروں سے ان کے جارحانہ رویے کے بارے میں پوچھ گچھ کی گئی جس پر ’’ایک نے ممیاتے ہوئے جواب دیا کہ وہ بس ’آج کچھ برا سا محسوس کر رہا تھا‘‘۔
خبر کے مطابق بکروں کے اس ’’جرائم‘‘ پر کوئی مقدمہ درج نہیں کیا گیا بلکہ انہیں بہت احتیاط سے کنگ کاؤنٹی اینیمل شیلٹر منتقل کر دیا گیا ہے جہاں حکام ان کے مالک کو تلاش کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔