نوجوان شادی کی درخواست لے کر تھانے جا پہنچا، پولیس بھی حیران

Published On 07 March,2025 09:04 am

اترپردیش: (ویب ڈیسک) شادی کیلئے عموماً لوگ رشتہ کرانے والی خواتین یا میرج بیورو کی خدمات حاصل کرتے ہیں لیکن شادی کا خواہشمند ایک نوجوان اپنی شادی کی درخواست لے کر تھانے جا پہنچا۔

یہ دلچسپ واقعہ بھارت کی ریاست اترپردیش میں پیش آیا ہے جہاں ہردوئی کے ایک گاؤں کا نوجوان اپنی شادی کی درخواست لے کر علاقائی تھانے جا پہنچا اور جب اپنی عرضی وہاں پیش کی تو پولیس بھی حیران رہ گئی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق نوجوان نے تھانے جا کر پولیس کو درخواست دی جس میں گزارش کی گئی کہ وہ اس کیلئے ایسی دلہن تلاش کرے جو ایم اے پاس یا کم از کم گریجویٹ ہو۔

نوجوان نے ایس ایچ او سے ہاتھ جوڑ کر التجا کرنے والے انداز میں کہا کہ وہ اس لئے پریشان ہے کہ اس کی شادی نہیں ہو رہی۔

پولیس افسر اور تھانے کا عملہ یہ درخواست دیکھ کر حیران رہ گیا اور کئی زیر لب مسکراتے رہے۔

پولیس افسر نے نوجوان کو پیار سے سمجھایا کہ پولیس کا کام لوگوں کے رشتے کرانا نہیں ہوتا، انہوں نے نوجوان کو مشورہ دیا کہ وہ اس بارے میں اپنے گھر والوں سے بات کرے، پولیس اس معاملے میں مداخلت نہیں کر سکتی۔