مصری شہری کا روزے کی حالت میں 279 ٹن وزنی ٹرین کھینچنے کا عالمی ریکارڈ

Published On 17 March,2025 10:21 am

قاہرہ: (ویب ڈیسک) دنیا میں آئے روز ایسے انسانی کارنامے سامنے آتے ہیں کہ جنہیں آنکھوں سے دیکھنے کے باوجود یقین نہیں آتا ایسا ہی ایک منفرد واقعہ مصر میں پیش آیا جہاں ایک شخص نے روزے کی حالت میں 279 ٹن وزنی ٹرین کو کھینچ کر عالمی ریکارڈ قائم کر دیا۔

عرب میڈیا کے مطابق یہ غیر معمولی شخص 43 سالہ مصری شہری اشرف کاہونجا ہے جس نے وسطی قاہرہ کے رمسیس ٹرین سٹیشن پر یہ کارنامہ انجام دیا، اشرف کاہونجا نے گنیز بُک آف ورلڈ ریکارڈ کے وفد کی موجودگی میں روزے کی حالت میں 279 ٹن وزنی ٹرین کھینچ کر دنیا کے مضبوط ترین انسان ہونے کا ریکارڈ اپنے نام درج کرایا۔

مصری شخص اشرف کاہونجا نے گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں شامل ہونے کیلئے مسلسل چھٹی بار دنیا کا مضبوط ترین انسان بننے کا خواب پایہ تکمیل تک پہنچایا، اس کیلئے ٹیسٹ کو تین مرحلوں میں تقسیم کیا گیا تھا اور تمام مراحل میں وہ کامیاب رہے۔

دنیا کے مضبوط ترین شخص کا اعزاز پانے والے اشرف کاہونجا کا کہنا تھا کہ انہوں نے رمضان کے مہینے میں ٹرین کھینچنے کا فیصلہ کیا تاکہ روزے کی حالت میں اور بغیر کھانا کھائے اپنے خواب کو حاصل کیا جا سکے اور دنیا کا مضبوط ترین انسان بنا جا سکے۔

کاہونجا نے اپنی اس کامیابی کا کریڈٹ اپنی بیویوں اور تین بیٹیوں کو دیتے ہوئے کہا کہ وہ ہمیشہ ان کے خواب کی تکمیل میں ساتھ دیتی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ حالیہ عرصے کے دوران انہوں نے بہت سے ریکارڈ توڑے، ان میں 16 ٹن وزنی ٹرک، 30 ٹن وزنی دو فائر انجن، سب وے سے پہلے ٹرینیں کھینچنا اور 6 اینجل کاریں کھینچنا شامل ہیں۔