دلہا دلہن کو ’ورمالا‘ پہنچانے کیلئے آنے والا ڈرون کریش، ویڈیو وائرل

Published On 26 March,2025 09:05 am

اترپردیش: (ویب ڈیسک) شادیوں کا ٹرینڈ وقت کے ساتھ ساتھ کافی بدل گیا، ماضی میں شادی کی تقریبات میں روایتی رسومات پر توجہ دی جاتی تھی، مگر اب شادی کے ایونٹ کو یادگار بنانے کیلئے عجیب و غریب ٹرینڈ کا سہارا لیا جاتا ہے جو کبھی کبھار گلے بھی پڑ جاتا ہے۔

ایسا ہی کچھ وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں شادی کی تقریب کے دوران غیر متوقع طور پر ہوتا ہوا دکھایا گیا۔

وائرل ہونے والی ویڈیو میں دکھایا گیا کہ ایک بھارتی جوڑا شادی پر پہنائے جانے والے ورمالا کا تبادلہ کر رہا تھا جو ہندو شادیوں کی ایک روایتی رسم ہے، تاہم اس شادی میں کوئی دوسرا شخص ورمالا دلہا دلہن تک پہنچاتا، لیکن یہ کام ایک ڈرون نے کیا مگر آگے جو ہوا دلہا تکتا ہی رہ گیا۔

جیسے ہی ڈرون ورمالا ان تک پہنچانے کیلئے قریب آتا ہے اور دولہا مالا لینے کی کوشش کرتا ہے تو ڈرون بے قابو ہو کر پیچھے لگی سجاوٹ سے ٹکرا کر وہیں گر جاتا ہے، اس دوران دولہا جو خوش نظر آرہا ہوتا ہے ڈرون گرتے ہی اس کے چہرے کا رنگ اڑ جاتا ہے اور وہ ڈرون کنٹرول کرنے والے آپریٹر کو گھورنے لگتا ہے۔

مذکورہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو لوگوں نے طرح طرح کے تبصرے کئے، ویڈیو جو دراصل ایک انسٹاگرام صارف نے پوسٹ کی جس پر تقریباً 30 لاکھ سے زائد ویوز آئے۔

ایک صارف نے لکھا کہ یہی وجہ ہے کہ ایسے روایتی موقع پر آپ کو مشین پر بھروسہ نہیں کرنا چاہیے جبکہ دوسرے صارف نے تبصرہ کیا کہ دولہا کا ردعمل کافی دلچسپ تھا، وہ ورمالا سے زیادہ ڈرون کے بارے میں فکر مند نظر آیا۔