چور دکان سے لاکھوں روپے چرانے کے بعد معافی نامہ چھوڑ کر فرار

Published On 10 April,2025 08:43 am

مدھیہ پردیش: (ویب ڈیسک) بھارت میں چور دکان سے لاکھوں روپے چرانے کے بعد معافی نامہ چھوڑ کر فرار ہوگیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق بھارت کی ریاست مدھیہ پردیش میں چور مبینہ طور پر دکان سے دو لاکھ 46 ہزار روپے چرانے کے بعد معافی نامہ بھی چھوڑ کر چلا گیا۔

کھرگون کے جمیندر محلہ جوجر بوہرا کے دکان کے مالک نے اگلے دن اپنی دکان کھولنے کے بعد خط دیکھا۔

جب اس نے خط تلاش کرنے کے ساتھ رقم دیکھی تو غائب تھی، بوہرہ کی دکان پر اس سے قبل عید پر بھی ڈکیتی ہوئی جہاں چور مبینہ طور پر 85 ہزار روپے چرا کر لے گئے تاہم جس چیز نے اس ڈکیتی کو منفرد بنا دیا وہ معافی نامہ تھا۔

چور نے معافی نامہ میں لکھا کہ ’مالی مشکلات‘ کی وجہ سے وہ چوری کرنے پر مجبور تھا، اس نے یقین دہائی کرائی کہ وہ 6 ماہ کے اندر اندر چوری کی رقم واپس کردے گا۔

اس نے مزید لکھا کہ قرض دہندگان کی جانب سے واجب الادا رقم ادا کرنے کے لیے دباؤ ڈالا جارہا تھا اسی لیے چوری کا سہارا لیا، وہ دکاندار کو اچھی طرح جانتا ہے بعد میں جو بھی سزا ہوگی قبول کرے گا جبکہ 37 ہزار روپے چھوڑ دیئے ہیں جو تھیلے میں رکھے ہوئے تھے۔

اس نے یہ بھی لکھا کہ رات کو آپ کی دکان کی پچھلی شٹل سے آ کر پیسے لے رہا ہوں میں صرف اتنے پیسے لے رہا ہوں جتنا قرض ادا کرنا ہے باقی سامان کے ساتھ کچھ نہیں کروں گا اور آپ کے پیسے واپس کردوں گا، جب تک کیلئے میں آپ سے اور بیٹے سے ہاتھ جوڑ کر معافی مانگتا ہوں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ چوری کے واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور تحقیقات جاری ہیں۔