نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارت میں بیٹی کی شادی سے چند روز قبل ایک خاتون اپنے ہونے والے داماد کے ساتھ ہی فرار ہوگئی۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق حیران کن واقعہ ریاست اتر پردیش کے شہر علی گڑھ میں پیش آیا جہاں بیٹی کی شادی سے چند روز قبل اس کی ماں اپنے ہونے والے داماد کے ساتھ3 لاکھ روپے کی نقد رقم اور 5 لاکھ کے زیورات لے کر فرار ہوگئی۔
پولیس کے مطابق لڑکی کے والد جتیندر کمار کی جانب سے درج کروائی گئی ایف آئی آر میں بتایا گیا ہے کہ اس کی بیوی اور بیٹی کا ہونے والا شوہر دونوں ہی لاپتا ہیں جب کہ ساڑھے 3 لاکھ روپے کی نقد رقم اور سونے چاندی کے زیورات بھی غائب ہیں جن کی مالیت تقریباً 5 لاکھ بھارتی روپے بنتی ہے۔
لڑکی کے والد کے مطابق ان کی بیٹی کی شادی 16 اپریل کو طے تھی جس کیلئے شادی کے کارڈز بھی تقسیم ہو چکے تھے اور تمام تیاریاں زورو شور سے جاری تھیں تاہم داماد بیٹی سے شاذونادر ہی بات کرتا تھا اس کے برعکس وہ روزانہ تقریباً 20-22 گھنٹے لڑکی کی والدہ سے بات کرتا تھا۔
دوسری جانب شیوانی نامی لڑکی نے والدہ سے نفرت کا اظہار کرتے ہوئے پولیس کو بتایا کہ ’ اس کی ماں زیورات اور پیسے لے کر بھاگ گئی، اس نے سب کچھ ویسا ہی کیا جیسا کہ اس آدمی نے اسے کہا۔
لڑکی نے مطالبہ کیا کہ ہمیں زیورات اور نقدی واپس دلوائی جائے اس کے بعد چاہے وہ زندہ رہیں یا مر جائیں، ہمیں کوئی فرق نہیں پڑتا۔