ایک ہی بچے کی 2 بار پیدائش، طب کی تاریخ کا حیرت انگیز واقعہ

Published On 24 April,2025 10:00 am

لندن: (ویب ڈیسک) انسان سمیت یا کسی بھی جاندار کی پیدائش ایک بار ہی ہوتی ہے مگر طب کی تاریخ کا حیرت انگیز واقعہ رونما ہوا ہے اور ایک بچہ دو بار پیدا ہوا ہے۔

طبی دنیا کا یہ حیرت انگیز انوکھا واقعہ برطانیہ میں پیش آیا ہے جہاں آئزک نامی خاتون کے بطن سے ایک ہی بچے کو دو بار جنم ہوا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق آکسفورڈ کی رہائشی لوسی آئزک کے دوران حمل بچہ دانی میں کینسر کا انکشاف ہوا، ہسپتال کے ڈاکٹروں کا خیال تھا کہ پیدائش کے بعد تک علاج میں تاخیر کرنے سے کینسر پھیل سکتا ہے جس سے خاتون کی جان خطرے میں پڑ سکتی ہے، اس لئے ڈاکٹروں نے فوری طور پر اس کینسر کو ختم کرنے کیلئے اس کی سرجری کرنے کا فیصلہ کیا۔

یہ آپریشن جان ریڈ کلف ہسپتال میں ڈاکٹر سلیمانی ماجد کی قیادت میں ایک ٹیم نے کیا اور کیونکہ آپریشن کے وقت حمل 5 ماہ کا ہو چکا تھا، جس کی وجہ سے ہول ہول سرجری ممکن نہیں تھی۔

اس لئے ماہرین کی ٹیم نے سرجری کے دوران غیر پیدائشی بچے کو رحم میں رکھتے ہوئے کینسر کے خلیات کو ہٹانے کیلئے ایک نادر اور پیچیدہ طریقہ کار تجویز کیا، یہ ہائی رسک آپریشن عالمی سطح پر صرف چند بار انجام دیا گیا ہے جس میں عارضی طور پر خاتون کے رحم کو ہٹایا گیا۔

ڈاکٹروں نے 5 گھنٹے طویل سرجری کے دوران خاتون کو رحم عارضی طور پر باہر نکال دیا تھا اور اس میں بیٹا موجود تھا۔

سرجری مکمل ہونے کے بعد رحم مادر کو واپس مریضہ کے پیٹ میں رکھ دیا گیا اور پھر 9 ماہ مکمل ہونے کے بعد اس کے بیٹے کی نارمل طریقے سے پیدائش ہوئی۔