اندور: (ویب ڈیسک) بھارت میں شادی کی تقریب کے دوران بجلی غائب ہونے پر دلہے میاں کو غصہ آگیا اور اس نے سب کے سامنے دلہن کی پٹائی کر دی۔
انڈین میڈیا کی رپورٹس کے مطابق بھارتی شہر اندور کے علاقے بنگنگا میں شادی کی تقریب کے دوران دلہن والے بارات کا انتظار کر رہے تھے، جیسے ہی دلہے میاں ہیمنت کیتھواس نے انٹری دی تو انہوں نے استقبال کیا لیکن اس دوران اچانک بجلی چلی گئی۔
دلہن والوں نے بجلی بحال کرنے کیلئے متبادل انتظامات کرنا شروع کئے تاہم دلہے میاں اور باراتیوں کا پارہ ہائی ہونے لگا، انہوں نے تقریب میں تلخ کلامی شروع کر دی، جھگڑا اس قدر شدید ہوگیا کہ باراتیوں نے دلہن والوں کو مارنا شروع کر دیا اور ہر چیز توڑ پھوڑ دی۔
پولیس کو معاملے کا علم ہوا تو نفری موقع پر پہنچ گئی لیکن بارات وہاں سے واپس لوٹ گئی تھی۔
دلہن نے پولیس کو بتایا کہ اس کی شادی ہیمنت کیتھواس سے طے تھی، بارات رات 10 بجے گھر پہنچی تو اہل خانہ نے تمام مہمانوں کا استقبال کیا اور انہیں کھانا بھی کھلایا، ایک موقع پر اچانک بجلی چلی گئی تو گھر والے اسے بحال کرنے کی کوشش میں لگ گئے لیکن دلہے والوں نے ہنگامہ کھڑا کر دیا، انہوں نے پہلے تلخ کلامی کی اور پھر تشدد کا نشانہ بنایا۔
دلہن کے مطابق دلہا اور اس کے گھر والوں نے مجھے، میرے اہل خانہ اور بیچ بچاؤ کیلئے مداخلت کرنے والوں پر تشدد کیا اور شادی منسوخ کر کے واپس روانہ ہوگئے۔
پولیس حکام کے مطابق دلہن کی شکایت پر ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا جس میں دولہا ہیمنت کیتھواس بھی نامزد ہے، معاملے کی تحقیقات اور ملزمان کو گرفتار کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔