بھارت: ریاستی انتظامیہ نے کتے کا رہائشی سرٹیفکیٹ جاری کردیا

Published On 28 July,2025 06:56 pm

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارتی ریاست بہار میں ڈاگ بابو نامی کتے کا رہائشی سرٹیفکیٹ جاری کردیا گیا، ووٹر لسٹوں پر خصوصی نظر ثانی کے دوران حکام کی جانب سے جاری کیا گیا یہ انوکھا سرٹیفکیٹ سامنے آیا۔

سوشل میڈیا پر یہ سرٹیفکیٹ وائرل ہوگیا، جس کے بعد انتظامیہ کی جانب سے اسے منسوخ کردیا گیا، سرٹیفکیٹ میں کتے کے والد کا نام ’کتا بابو‘ اور والدہ کا نام ’کتیا دیوی‘ درج تھا، جس پر انتظامیہ کے افسر کے دستخط بھی کیے گئے ہیں۔

تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی کہ اس فراڈ کے لیے دہلی کی ایک خاتون کے شناختی کارڈ سمیت دیگر نجی دستاویزات کا غلط استعمال کیا گیا، جس پر مقامی عدالت نے اس کا نوٹس لیتے ہوئے واقعے کو "انتہائی سنگین" قرار دیا اور بتایا کہ ملوث افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کی جا چکی ہے اور انہیں معطل کر دیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ یہ واقعہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب بہار میں اپوزیشن جماعتیں ووٹر فہرستوں میں ردوبدل کو عوام کے ووٹ کے حق پر سازش قرار دے رہی ہیں، اس پس منظر میں فرضی کتے سرٹیفیکٹ انتخابی عمل پر سوالات کھڑے کررہا ہے۔