بھارتی شہری کا 3 دہائیوں سے صرف انجن آئل پی کر زندہ رہنے کا دعویٰ

Published On 19 September,2025 07:17 pm

نئی دہلی: (دنیا نیوز) بھارتی شہری نے گزشتہ 3 دہائیوں سے کھانے کے بجائے صرف انجن آئل پی کر زندہ رہنے کا دعویٰ کیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست کرناٹک کے شہر شیموگا سے تعلق رکھنے والے شہری کو ان دنوں اپنی نہایت عجیب و غریب غذائی عادت کے دعوے کے باعث عوام میں کافی مقبولیت حاصل ہورہی ہے۔

اس شخص کا دعویٰ ہے کہ وہ کچھ کھانے کے بجائے مبینہ طور پر روزانہ صرف چائے اور تقریباً 7 سے 8 لیٹر انجن آئل پیتا ہے جس کی وجہ سے وہ  آئل کمار  کے نام سے مشہور ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق انسٹاگرام پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں کمار کو بظاہر ایک بوتل سے سیاہ موٹر آئل پیتا دیکھا گیا، جسے وہ اپنی خوراک قرار دیتا ہے، اس پوسٹ کے مطابق یہ شخص گزشتہ 3 دہائیوں سے زائد عرصے سے اس غیر معمولی خوراک پر زندہ ہے۔

پوسٹ کے کیپشن میں لکھا تھا کہ گزشتہ 33 برسوں سے یہ آئل کمار دنیا کو حیران کر رہا ہےکیوں کہ وہ بغیر کھانے کے زندہ ہے، وہ چاول یا چپاتی کے بجائے 7 سے 8 لیٹر ضائع شدہ انجن آئل اور چائے پیتا ہے، اطلاعات کے مطابق  آئل کمار  کو کبھی ہسپتال میں داخل نہیں ہونا پڑا اور نہ ہی اسے کوئی طبی مسئلہ لاحق ہوا۔

دوسری جانب ڈاکٹرز اور ماہرین نے یہ دعویٰ مسترد کیا ہے، ان کا ماننا ہے کہ انجن آئل انتہائی زہریلا ہوتا ہے اور اسے کبھی نہیں پینا چاہیے، اس میں زہریلے کیمیکلز، ہائیڈرو کاربنز اور ہیوی میٹلز شامل ہوتے ہیں جو جگر، پھیپھڑوں، گردوں اور حتیٰ کہ دماغ کو نقصان پہنچاسکتے ہیں۔