ہنگری میں ہوا قبریں کھودنے کا منفرد مقابلہ

Published On 19 September,2025 11:35 pm

بڈاپیسٹ :(ویب ڈیسک ) دنیا بھر سے آئے ہوئے گورکنوں نے حال ہی میں ہنگری میں منعقدہ 8ویں بین الاقوامی قبر کھدائی چیمپئن شپ میں اپنی مہارت کا مظاہرہ کیا۔

یہ منفرد مقابلہ 6 ستمبر کو منعقد ہوا جس میں 2،2 افراد پر مشتمل ٹیمیں حصہ لیتی ہیں، ان کا چیلنج یہ ہوتا ہے کہ وہ 2 میٹر لمبی، 80 سینٹی میٹر چوڑی اور 1.6 میٹر گہری قبر 2 گھنٹوں کے اندر کھودیں اور پھر تقریباً 2.5 ٹن مٹی واپس ڈال کر خوبصورت طریقے سے قبر کا مٹی کا ڈھیر بنائیں۔

اس مقابلے میں حصہ لینے والوں کی رفتار، صفائی اور ترتیب، درست پیمائش اور گہرائی دیکھی گئی، مقابلے جس کا مقصد نہ صرف گورکنوں کی محنت کو سراہنا ہے بلکہ اس پیشے کو نوجوانوں کے لیے پرکشش بنانا بھی ہے، تمام ٹیموں کو 10 نمبروں کے سکیل پر پرکھا گیا۔

خیال رہے ہنگری کی ٹیم ’ پراکلیطوس غیر منافع بخش کمپنی‘ نے لگاتار دوسرے سال بھی مقابلہ جیت لیا، لازلو کس اور رابرٹ ناگی پر مشتمل اس ٹیم نے ایک گھنٹہ 33 منٹ اور 20 سیکنڈ میں مکمل قبر کھود کر اور بھر کر پہلا انعام اپنے نام کیا۔