چینی خاتون کمر درد سے نجات کے لئے 8 زندہ مینڈک نگل گئی

Published On 10 October,2025 08:51 am

بیجنگ: (ویب ڈیسک) چین میں 82 سالہ خاتون کمر درر سے نجات حاصل کرنے کے لئے 8 زندہ مینڈک نگل گئی۔

چینی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق چین کے صوبے ژی جیانگ کے شہر ہانگژو کی رہائشی ژانگ نامی خاتون نے لوک داستانوں پر یقین کرتے ہوئے اپنی کمر کے نچلے حصے میں ہونے والی تکلیف سے نجات حاصل کرنے کیلئے زندہ مینڈک کھا لئے۔

رپورٹ میں مزید بتایا ہے کہ بدقسمتی سے اس غیر روایتی طریقۂ علاج کی وجہ سے خاتون کے پیٹ میں شدید درد ہوا اور خاتون کو ہسپتال میں داخل ہونا پڑا۔

خاتون کے بیٹے نے ڈاکٹر کو بتایا کہ میری ماں نے 8 زندہ مینڈک کھا لئے ہیں اور اب تیز درد کی وجہ سے وہ چلنے پھرنے سے قاصر ہیں۔

رپورٹ کے مطابق معمر خاتون طویل عرصے سے کمر کی تکلیف میں مبتلا تھیں اور انہوں نے اس تکلیف سے نجات حاصل کرنے کیلئے ایسا طریقہ اپنایا جس کا اب تک میڈیکل سائنس میں کوئی ثبوت موجود نہیں جس کی وجہ سے انہیں پہلے سے بھی زیادہ تکلیف برداشت کرنا پڑی۔

رپورٹ میں مزید بتایا ہے کہ 8 زندہ مینڈک نگل جانے کے بعد ان کا ہاضمہ اتنی بری طرح متاثر ہوگیا کہ وہ چلنے سے بھی قاصر ہوگئیں، ڈاکٹرز نے خاتون کا معائنہ کیا تو آکسیفیل خلیات میں اضافہ پایا جو کئی بیماریوں جیسے کہ پیراسائیٹک انفیکشن اور خون کی خرابی کی نشاندہی کرتا ہے۔

رپورٹ میں یہ بھی بتایا ہے کہ دو ہفتے کے علاج کے بعد خاتون کو ہسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا ہے۔